ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلورو میں بینرس اور پوسٹرس ہٹانے کی مہم مسلسل جاری

بنگلورو میں بینرس اور پوسٹرس ہٹانے کی مہم مسلسل جاری

Mon, 13 Aug 2018 22:55:12    S.O. News Service

بنگلورو،13؍اگست(ایس او نیوز) شہر بھر میں فلیکس ،بینرس اور پوسٹرس ہٹانے کے لئے بی بی ایم پی کی طرف سے زور دار مہم جاری ہے۔ آج بھی شہر کے میئر سمپت راج نے اعلیٰ افسروں کے ہمراہ شہر کی دیواروں سے پوسٹرس پھاڑنے کاکام جاری رکھا۔ ٹاؤن ہال سے شروع ہونے والی مہم خلاصی پالیہ، ایس جے پی روڈ اور دیگر آس پاس کے علاقوں میں جاری رہی۔

اس موقع پر یہاں کے دکانداروں سے مخاطب ہوکر میئر نے کہاکہ ہائی کورٹ کی طرف سے شہر میں فلیکس ، بینرس اور پوسٹروں کے خلاف کارروائی کرنے کی سخت ہدایت جاری کی گئی ہے۔ اس ہدایت کی بنیاد پر بڑے پیمانے پر مہم شروع کرکے فلیکس ، بینراور پوسٹرس ہٹائے جارہے ہیں۔اس مہم کے بعدا گر کسی نے پوسٹرس چسپاں کرنے یا بینر لگانے کی حماقت کی تو نہ صرف اس کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کیا جائے گا بلکہ اسے چھ ماہ کی قید اور ایک لاکھ روپیوں تک کا جرمانہ بھی لاگو کیا جائے گا۔اوینیو روڈ علاقے میں بڑی تعداد میں پوسٹرس دے کر میئر نے خود ان پوسٹروں کو پھاڑنے کی مہم شروع کی تو بی بی ایم پی عملے نے کافی تیزی سے ان پوسٹروں کو پھاڑ پھینکا ، اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے میئر نے عوام سے اپیل کی کہ شہر کو پاک وصاف رکھنے میں بی بی ایم پی کی مہم کا ساتھ دیں۔جابجا پوسٹرس لگاکر شہر کی خوبصورتی کو مسخ نہ کریں۔

انہوں نے کہاکہ فٹ پاتھوں پر پلاسٹک کی تھیلیوں، ترکاریوں ، ناکارہ کھلونوں اور دیگر ناقابل استعمال اشیاء کا ڈھیر شہر کو بدنما بنایا ہوا ہے۔ فوری طور پر ان کی صفائی کے لئے بی بی ایم پی نے مہم شروع کی ہے، اس کے بعد اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو خاطیوں کی نشاندہی کرکے سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ شہر بھر میں فلیکس ، بینرس اور پوسٹرس ہٹانے کی مہم اب رکنے والی نہیں ہے اور مسلسل جاری رہے گی۔ اس دوران ہائی کورٹ کے احکامات کے تحت شہر میں فلیکس اور بینروں پر ایک سال کی پابندی لگانے بی بی ایم پی کونسل کی میٹنگ کے بعد فلیکس اور بینر تیارکرنے والے تاجروں کو جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اس سے نپٹنے کے لئے آج میئر نے ان تاجروں کے ساتھ ایک میٹنگ کی ۔ میئر نے ہائی کورٹ کی طرف سے جاری احکامات سے ان تاجروں کو آگاہ کرایا ۔ شہر میں فلیکس اور بینر تیار کرنے والے 27 سے زیادہ تاجر موجود ہیں۔ فلیکس اور بینر لگانے پر پابندی کی وجہ سے ان لوگوں کی تجارت پوری طرح ٹھپ ہوچکی ہے۔ 


Share: